میرے ایمان پہ شک چھوڑ دے ناداں جاناں
پانچویں شادی نہیں کرتا مسلماں جاناں
کس طرح سیر کراؤں تجھے تاروں سے پرے
آ ٹپکتی ہے سرِشام تری ماں جاناں
جب سے آئی ہو ہر اک دن ہے بڑی عید کا دن
روز بکرے کی طرح ہوتا ہوں قرباں جاناں
رشک کیسے نہ رقیبوں کے مقدر پہ کروں
وہ پریشان سہی میں ہوں پشیماں جاناں
آپ کی زرہ نوازی سے شکستہ ٹھہرے
سبھی بیلن، سبھی برتن، سبھی گلداں جاناں
ایک بیگم ہی نہیں ساتھ ہیں سالے بھی مرے
چاک رہتا ہے ہمہ وقت گریباں جاناں
کون سے پارک میں لے جاؤں گھمانے کو تجھے
سانڈھ کی طرح کھُلے پھرتے ہیں افغاں جاناں
بول دیں گے ہمیں جانا ہے کہیں دعوت پر
لنچ کے وقت اگر آگئے مہماں جاناں
میری نیندوں میں بھی جاگے کی انوشکا شرما
تیرے خوابوں میں اگر آئے گا سلطاں جاناں
شاعر: امجد علی راجاؔ