رہ گئی تھی جو کمی شیطان میں
پائی جاتی ہے سیاستدان میں
اختلافِ رائے بیگم کے حضور
یوں بھی آتے ہیں کبھی میدان میں؟
بوریاں مہنگائی کی لادے ہوئے
آگیا رمضان پاکستان میں
دے کے رشوت مل گئی ہے نوکری
فائدہ ہی فائدہ نقصان میں
مولوی کی ڈگڈگی سنتے نہیں
یہ کمی اک رہ گئی ایمان میں
دشمنِ انسان ہیں دونوں یہاں
فرق کیا شیطان میں سلطان میں
اُڑ گئے حوروں کی جانب طالبان
پھٹ کے کب جاتے ہیں قبرستان میں
شاعر: امجد علی راجاؔ